پنجاب کے ضلع خانیوال میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے گولی لگنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے مولانا عاصم جمیل سینے میں گولی لگنے سے چل بسے ہیں۔
پولیس کے مطابق مولانا عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ اب تک یہ واضح نہیں کہ عاصم جمیل کو گولی کیسے لگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹر آصف نے اردو نیوز لاہور کے نامہ نگار ادیب یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے مولانا عاصم کی موت کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ورثا معلومات نہیں دے رہے ہیں۔ ’ہم صرف یہ کہہ سکتے ہیں کہ سینے پر گولی لگی ہے اور گولی لگنے سے وہ فوت ہوئے ہیں۔‘
ان کے مطابق ورثا پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتے ہیں۔ ‘اس وقت ورثار اور پولیس کے درمیان پوسٹ مارٹم کے حوالے سے بات ہورہی ہے۔‘
دوسری جانب مولانا طارق جمیل نے ایکس (ٹوئٹر) پر بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے حادثاتی قرار دے دیا۔
مولانا طارق جمیل نے لکھا کہ ’انا للہ وانا الیہ راجعون، آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے. اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔ آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں. اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
Post a Comment