نائجیریا میں شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا ، کشتی حادثے میں 100 سے زائد افراد ہلاک
تقریباً 300 باراتیوں کو لے کر واپس لوٹ رہی کشتی دریائے نائجر میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرا کر دو حصوں میں ٹوٹ گئی۔ حکام کے مطابق غرقاب ہو جانے والی کشتی پر سوار افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔پولیس اور مقامی حکام کے مطابق شمال وسطی نائجیریا کے کوارا ریاست میں دریائے نائجر میں پیر کے روز ایک کشتی کے غرقاب ہو جانے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ لوگ ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ کشتی پر 300 سے زیادہ افراد سوار تھے اور یہ نائجر ندی میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ کر غرقاب ہو گئی۔کوارا ریاست کی پولیس کے ترجمان اوکاسانمی اجائی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ "کشتی حادثے میں اب تک 103 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ تقریباً 100 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔"انہوں نے مزید بتایا کہ "بدھ کے روز بھی تلاش اور امداد کا کام جاری ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔"ایک مقامی ذمہ دار عبدالغنا لکپاڑا نے بتایا کہ "کشتی پر گنجائش سے زیادہ لگ بھگ 300 افراد سوار تھے، جب یہ باراتی واپس لوٹ رہے تھے تو کشتی لکڑی کے ایک بڑے کندے سے ٹکرا گئی اور دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔"انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے پیش آیا اور اس کے چند گھنٹے کے بعد بچاو اور راحت کی کارروائی شروع کی گئی۔کوارا کے گورنر کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کوارا کے پتیگی ضلع سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔بیان میں کہا گیا ہے، "گورنر کو پتیگی کے مختلف قصبوں کے مکینوں کی کشتی حادثے میں ہلاکت کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس حادثے پر متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔" بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔سڑکوں پر مسلح گروہوں کے ہاتھوں اغوا کے خوف سے نائجیریا میں اکثر لوگ قریبی مقامات پر جانے کے لیے کشتیوں کا استعمال کرتے ہیںدریائے نائجر نائجیریا کے بڑے دریاوں میں سے ایک ہے۔ گنجائش سے زیادہ سواری، حفاظتی اقدامات کے فقدان اور موسم برسات میں سیلاب کی وجہ سے پورے نائجیریا میں کشتی حادثے عام بات ہیں۔ یہاں آمد ورفت کے لیے کشتی کا استعمال عام ہے۔بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر مسلح گروہوں کے ہاتھوں اغوا کے خوف سے نائجیریا میں اکثر لوگ قریبی مقامات پر جانے کے لیے کشتیوں کا استعمال کرتے ہیں۔گذشتہ ماہ شمال مغربی سوکوتو ریاست میں ایک کشتی حادثے میں 15بچے غرقاب ہو گئے تھے جب کہ 25 دیگر افراد کا کچھ پتہ نہیں چلا۔ یہ لوگ لکڑیاں جمع کرکے واپس لوٹ رہے تھے۔اس سے ٹھیک ایک سال قبل 29 بچے اسی ندی میں اس وقت ڈوب گئے تھے جب وہ اپنے گھر میں جلانے کے لیے لکڑیاں جمع کرکے لوٹ رہے تھے۔گزشتہ دسمبر میں سیلاب کے دوران جنوب مشرقی امبارا ریاست میں ایک کشتی کے غرقاب ہو جانے سے اس پر سوار کم از کم 76 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔پیر کے روز جس علاقے میں کشتی حادثہ پیش آیا وہیں مئی 2021 میں ایک کشتی غرقاب ہو جانے سے 160 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔نائجیریا کی آبی راستوں کی قومی اتھارٹی نے کشتی حادثات کو روکنے کے لیے رات کے دوران دریاوں میں کشتی چلانے پر پابندی عائد کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس نے گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے کو قابل تعزیر جرم قرار دیا ہے لیکن قانون شکنی کرنے والے اکثر ان ضابطوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
Post a Comment