گوگل کا 2 سال سے غیر فعال اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا اعلان


 گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا جو گزشتہ 2 سال سے غیر فعال ہیں۔ 

اگر آپ نے طویل عرصے سے اپنے گوگل اکاؤنٹ کو استعمال نہیں کیا تو جلد سے جلد ایک بار اس پر سائن ان ہوجائیں کیونکہ گوگل نے اعلان کیا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیئے جائیں گے جو دو سال سے غیر فعال ہیں۔رپورٹ کے مطابق گوگل کی نئی پالیسی کا اطلاق دسمبر 2023ء سے ہوگا اور اس میں جی میل، ڈاکس، ڈرائیو، میٹ، کیلنڈر، یوٹیوب اور فوٹوز کیلئے گوگل اکاؤنٹس کو شامل کیا جائے گا۔گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا ہے کہ غیر فعال اکاؤنٹس ہیک ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اسی طرح غیر فعال اکاؤنٹس کیلئے 2 فیکٹر اتھینٹی کیشن سیٹنگ کے استعمال ہونے کا امکان بھی بہت کم ہوتا ہے۔گوگل کا مزید کہنا ہے غیر فعال اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کمزور ہوتی ہے اور ایک بار وہ ہیک ہوجائیں تو انہیں غیر قانونی مقاصد یا اسپام مواد پھیلانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ سب سے پہلے ایسے گوگل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن کو بنانے کے بعد کبھی استعمال ہی نہیں کیا گیا جبکہ اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے سے قبل صارفین کو متعدد نوٹیفکیشنز بھی ارسال کئے جائیں گے، جو صارف کے مرکزی ای میل ایڈریس کے ساتھ ساتھ بیک اپ ای میل ایڈریس پر بھی جائیں گے۔ گوگل نے بتایا کہ اس پالیسی کا اطلاق ذاتی گوگل اکاؤنٹس پر ہوگا جبکہ اداروں سے منسلک اکاؤنٹس متاثر نہیں ہوں گے۔اس سے قبل گزشتہ دنوں ایلون مسک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بہت جلد ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیئے جائیں گے جو کافی عرصے سے غیر فعال ہیں۔

0/Post a Comment/Comments