پشاور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ بروز جمعرات کو پہلا روزہ ہوگا۔ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس غیرمعمولی تاخیر سے ختم ہوا۔ رات 10 بج کر 15 منٹ پر کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند کی رویت سے متعلق باقاعدہ اعلان کیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ بہاولپور، رحیم یار خان، صوابی، قلعہ سیف اللہ اور مردان سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں ختم ہوا تھا۔ ادھر بھارت اور بنگلا دیش میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ بروز جمعہ 24 اپریل کو ہو گا۔
صدر مملکت کی امت مسلمہ کو مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور امت ِمسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی رحمت اور مہربانی سے ہم ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کی باسعادت گھڑیوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مبارک لمحات جہاں ایک مسلمان کیلئے روحانی اوراخلاقی ترقی کا سامان پیدا کرتے ہیں وہیں امت کے مابین ہمدردی، اخوت، بھائی چارے، اور تعاون کا پیغام لے کر بھی آتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ترقی اور اصلاح کا ماحول پیدا کر کے اپنی زندگیوں کو از سر نو بہتر
انداز میں شروع کرنے کا بہترین موقع ہے۔
وزیراعظم کی پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کورمضان کی مبارک
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کورمضان کی مبارکبار پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ صیام کی سعادتیں اور برکتیں ایک بار پھر ہمیں ملی ہیں،ماہ صیام میں امت مسلمہ اور پاکستان کی بہتری کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔
انہوں نے کہا کہرمضان اللہ کریم کی رحمتوں اور برکتوں کا خصوصی مہینہ ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات ، غربت اور مہنگائی سے نجات عطا فرمائے،اللہ تعالیٰ کے حضور پاکستان کی خوشحالی اور سربلندی ، دہشت گردی سے نجات کی خصوصی دعا کریں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اجتماعی مغفرت ، انسانیت کی بہتری اور آفات سے بچاﺅ کے لئے خصوصی دعا کی اپیل ہے، اللہ تعالی اس ماہ مبارک کو ہماری اجتماعی بخشش ، انسانیت کی بہتری کا ذریعہ بنا دے۔
Post a Comment