ایل آر بی ٹی پسرور کی جانب سے پسرور کے دور دراز نواحی گاؤں پنوانہ میں فری میڈیکل و آئی کیمپ کا انعقاد فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد مہنگائی کے ستائے غریب و مستحق افراد کو علاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ نجم الثاقب
پسرور (رانا سلمان سے)
1984 میں قائم ہونے والا رفاحی ادارہ ایل ر بی ٹی پاکستان کی سب سے بڑی غیر سرکاری تنظیم ہے، جو ملک میں نابینا پن سے لڑنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ایل ر بی ٹی نہ صرف ملک میں آنکھوں کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے بلکہ دنیا کا سب سے بڑا آنکھوں کی دیکھ بھال فراہم کرنے والا ادارہ ہے جس نے 35 سالوں میں 48 ملین سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا ہے اور ہر ایک دن میں 10,500 سے زیادہ مریضوں کی یومیہ OPD کو عبور کیا ہے۔ اس وقت پورے ملک میں ایل آر بی ٹی کے ہر 200 کلومیٹر کے فاصلے پر 19 مکمل طور پر فنکشنل ہسپتال اور 58 بنیادی آنکھوں کی دیکھ بھال کے مراکز قائم ہیں جو ملک بھر میں 77 سے زائد طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ شدید ترین بارشوں کے بعد سلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح مشکلات میں گھرے اپنے بھائیوں کی امداد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اسی سلسلہ میں آج پسرور کی یونین کونسل مالی پور کے گاؤں پنوانہ جو کہ پسرور سے 17 سے 18 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے اور جس سے تقریبا 20 سے 25 دیہات لنک کرتے ہیں جن میں سے بیشتر دیہات حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں ایل آر بی ٹی (رفاحی ادارہ) ہسپتال کی انتظامیہ نے ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں 400 سو سے زائد مریضوں کا مفت چیک اپ اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔اس علاقہ میں جلدی و وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں، حکومت کی جانب سے ابھی تک یہاں پر کسی قسم کے میڈیکل کیمپ کا انعقاد نہیں کیا جا سکا اور ایل آر بی ٹی (رفاحی ادارہ) وہ واحد پرائیویٹ ادارہ ہے جس نے اس جگہ پہنچ کر مریضوں کا بہترین اور مفت علاج فراہم کیا۔ ایل آر بی ٹی (رفاحی ادارہ) کی جانب سے اس ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ میں نجم الثاقب (ایڈمن) ، ڈاکٹر عبدالجبار، ڈاکٹر سحر فاطمہ اور میڈیکل سٹاف عرفان باجوہ، سلمان مرزا، افتخار، عدیل اور عمران علی شامل تھے۔ایل آر بی ٹی (رفاحی ادارہ) کے اس فری میڈیکل کیمپ میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی معیاری ادویات مریضوں کو مفت فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر میڈیکل کیمپ میں موجود ڈاکٹرز نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سیلاب زدہ دور افتادہ علاقے میں خاص طور پر بچوں میں وبائی و جلدی امراض جن میں الرجی، خارش اور آنکھوں کی بیماریاں شامل ہیں بڑی تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ایل آر بی ٹی کے انچارج ایڈمنسٹریشن نجم الثاقب کا کہنا تھا کہ اس ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد سیلاب و مہنگائی کے ستائے غریب و مستحق افراد کو علاج کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہمیں سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب میں پھنسے عوام کی خدمت کے لیے اور اپنے معاشرے کو بچانے کیلئے خود نکلنا ہوگا۔مقامی لوگوں نے ایل آر بی ٹی (رفاحی ادارہ) کے اس فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بے حد سراہا اور ڈاکٹرز کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے عوام نے حکومت پر بھی تنقید کی کہ ابھی تک ان کی امداد کے لیے کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
Post a Comment